بنگلورو،4؍اکتوبر (ایس او نیوز) فعال کار کردگی اور کڑی نگرانی کے باعث ریاستی سائبر کرائم برانچ ملک بھر میں اپنی الگ شناحت بنانے میں کامیاب رہا ہے ۔ سائبر کرائم کے سائبر لیاب کو جدید ترین ٹکنالوجی سے لیس کرنے کے مقصد سے ریاستی حکومت نے انفوسس فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک معادہ کیا ہے ۔ سائبر جرائم کی بڑھتی وارداتوں اور سرگرمیوں پر قد غن لگانے اور سائبر مجرموں پر کاری ضرب لگانے کے مقصد سے ریاستی سائبر لیاب کو عالمی سائبر لیاب سے ہم آہنگ کرنے کے لئے انفوسس فاؤنڈیشن کی جانب سے دست تعاون بڑھایا گیا ہے۔ سائبر لیاب کی تجدید کاری کیلئے انفوسس سے 5سالہ مدت کے دوران 22کروڑ روپئے کا تعاون حاصل ہوگا ۔ ضرورت پڑنے پر بیرون ممالک سے سائبر ماہرین کو ریاست بلوا کرسائبر پویس کو خصوصی تربیت فراہم کرنے کا بھی انفوسس نے اعلان کیا ہے ۔ ملک کے 8مقامات میں سائبر کرائم کی لیباریٹریاں کھولی گئی ہیں۔اس میں صرف بنگلور کی سائبر لیباریٹری ہی بر سر خدمت ہے ، آج ودھان سودھا میں نائب وزیر اعلیٰ جی پرمیشور اور انفوسس فاؤنڈیشن کی صدر ڈاکٹر سدھا مورتی کی موجودگی میں سائبربرانچ کے سی آئی ڈی افسروں نے معاہدہ پر دستخط کئے ۔ بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے سدھا مورتی نے کہا کہ تقریباً22کروڑ روپئے کی لاگت سے سائبر لیاب اپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔ سائبر کرائم برانچ کو 2014ء سے تعاون دیا جاتا رہا ہے ، 22کروڑ روپئے میں سے 1.68کروڑ روپئے بطور پہلی قسط جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی پولیس ریاستی عوام کی حفاظت کیلئے شب وروز خدمات انجام دیتی آرہی ہے۔قانون کی بالادستی اور نظم ونسق کی بحالی و برقراری میں پولیس کا کرادر انتہائی اہم ہے۔ ایسے محکمہ کی ترقی و تعاون کیلئے انفوسس فاؤنڈیشن ہمیشہ تیار ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ ووزیر داخلہ جی پرمیشور نے اپنے خطاب میں کہا کہ انفوسس کمپنی روز اول سے ہی محکمہ پولیس کاتعاون کررہی ہے ۔ محکمہ پولیس کے لئے عمارتیں تعمیر کی ہیں او ران کی بھر پور امداد جاری ہے ۔ اب سائبر لیاب اور تربیتی سنٹر تعمیر کرنے آگے آئی ہے ۔ محکمہ پولیس کو تعاون کرنے میں انفوسس ودیگر کارپوریٹ کمپنیوں کے لئے قابل تقلید بن گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام کام کرناحکومت سے ممکن نہیں ہے ۔ حکومت کو بھی مختلف جہتوں سے دست تعاون دراز کرنے کی ضرورت پڑتی ہے ۔ خصوصی طور پر محکمہ پولیس کو زیادہ سہولتیں اورامداد حاصل نہیں ہوتیں ، بجٹ میں محکمہ پولیس نظر انداز کیا جاتاہے ۔ پولیس کو ریاست میں قانون اور نظم ونسق کی حفاظت کیلئے مزید ترغیبات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس رہائش گاہیں اسکیم کے تحت مکانات تعمیر کرنے کاآغاز ہوا ہے ۔تعمیری کام تیسرے مرحلے کو پہنچاہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر سمیت محکمہ پولیس کو مکمل طور پر آن لائن کرنے کی کارروائی کی جارہی ہے ۔ تاکہ کرناٹک کی پولیس سارے ملک میں مثالی پولیس کہلائے ۔ انفوسس ٹریننگ سنٹر تعمیر کیا جارہا ہے ۔ اس کاز کیلئے تکنیکی ماہرین کی ضرورت ہے۔ ماہرین سامنے آئیں ،سابئر سے متعلق جرائم کا پتہ لگانے اور سائبر وارداتوں پرقابو پانے کیلئے تربیت انتہائی اہم ہے ۔اس اہم ترین مقصد کے لئے انفوسس کا آگے آنا خوش آئند ہے ۔ ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ( ڈی جی پی ) نیلامنی راجو نے کہا کہ پولیس محکمہ کے تعاون کیلئے کوئی بھی ادارہ سامنے نہیں آیا لیکن انفوسس نے توقع سے زیادہ مدد کے ساتھ آگے بڑھا ہے ۔ ہم بھی امید دلاتے ہیں کہ سب سے بہتر و عمدہ خدمات پیش کریں گے۔